اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سابق سینیٹر تاج محمد آفریدی کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تاج محمد آفریدی کی پارلیمانی، سیاسی اور عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سابق سینیٹر کا انتقال نہ صرف قومی سطح پر بلکہ پارلیمانی حلقوں کے لیے بھی ایک بڑا نقصان ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مرحوم نے خیبر پختونخوا میں عوامی فلاح و بہبود، جمہوری اقدار کے فروغ اور قانون سازی کے عمل میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاج محمد آفریدی کی عوامی خدمت سے وابستگی، سیاسی بصیرت اور پارلیمانی روایات کے استحکام کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر اور لائقِ تحسین رہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قوم ایک مخلص، باوقار اور عوام دوست سیاسی شخصیت سے محروم ہو گئی ہے، جن کی خدمات کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔









