فارن فنڈنگ کیس

پی ڈی ایم الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے احتجاج کریگی ،سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کو التواء میں رکھنے کے خلاف کل ( منگل) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے سامنے احتجاج کرے گی ،پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں شرکت کے لئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز لاہور سے اسلام آباد روانہ ہو گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہی اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق اپوزیشن جماعتیں کل ( منگل) کے روز اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے سامنے احتجاج کریں گی ۔ احتجاج میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی قیادت اور مرکزی رہنما شریک ہوں گے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے تاہم پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کی قیادت میں کارکنان احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لئے جاتی امراء رائے ونڈ سے اسلام آباد روانہ ہو گئیں۔علاوہ ازیں پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں احتجاج کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پی ڈی ایم کے احتجاج کے موقع پر امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں اہم اجلاس پیر ے روز طلب کر لیا ۔