عطا اللہ تارڑ 10

پی ٹی آئی کو اسلام آباد آکر امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،عطا تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے پی ٹی آئی کو اسلام آباد آکر امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت اسلام آباد کی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کو بھرپور طریقے سے روکے گی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج تک پی ٹی آئی کو پرامن احتجاج کرتے نہیں دیکھا، یہ ہوش کے ناخن لیں ورنہ ان کے ساتھ وہ ہوگا جو یہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہنوں کو مصدقہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا کہ وہ امن و امان خراب کریں گی، پی ٹی آئی میں بات کریں تو کس سے کریں ؟ ان کے ہاں انچارج اور فیصلہ ساز کون ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ بیرسٹر گوہر فارغ ہیں، پی ٹی آئی میں ان کی کوئی نہیں سنتا، یہ جو دو تین بندے کہتے ہیں بات کرلیں، ان کے پلے ہے کیا؟ ان سے مذاکرات کا کوئی جواز اور فائدہ نہیں، ان کی زبان پر اعتبار نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں