جنت مرزا 9

اے آئی سے بنا جعلی مواد خواتین کی عزت خطرے میں ڈال سکتا ہے، جنت مرزا

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر جنت مرزا نے اپنی مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے تیار کردہ ایک ویڈیو کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس نوعیت کا مواد خواتین کی عزت اور وقار کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے ٹک ٹاکر نے مطالبہ کیا ہے کہ کسی کی اجازت کے بغیر اس طرح کا مواد تیار کرنے کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جنت مرزا کی ایک اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے انہوں نے خبردار بھی کر دیا۔

ویڈیو میں جنت مرزا کو ایک نامعلوم شخص کے ساتھ دکھایا گیا ہے، جبکہ پسِ منظر میں گانا اچھی لگتی ہو چل رہا ہے، جنت مرزا نے انسٹاگرام اسٹوریز پر اس ویڈیو پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ مجھے اس میں کوئی مزاح نظر نہیں آیا۔انہوں نے لکھا ہے کہ یہ ویڈیو بالکل بھی مزاحیہ نہیں ہے، کسی کے چہرے کو استعمال کر کے اس طرح کی ویڈیوز بنانا انتہائی تشویش ناک ہے، آج میرا چہرہ استعمال کیا گیا ہے لیکن کل کسی بھی لڑکی کا چہرہ استعمال ہو سکتا ہے اور اس کی عزت و وقار خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

جنت مرزا نے کہا ہے کہ میں سوشل میڈیا پر فعال رہتی ہوں، اس کے باوجود یہ ویڈیو دیکھ کر مجھے شدید بے چینی محسوس ہوئی، ان لڑکیوں کا تصور کریں جو سوشل میڈیا پر بالکل موجود نہیں، ان کی تصاویر بھی ایسے طریقوں سے غلط استعمال کی جا سکتی ہیں جن کے بارے میں انہیں شاید کبھی علم ہی نہ ہو۔ٹک ٹاکر نے مصنوعی ذہانت کو ایک ٹیکنالوجی کے طور پر مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے حقیقی لوگوں کے بارے میں گمراہ کن یا نامناسب مواد تیار کرنے کے لیے استعمال کرنا حد سے تجاوز کرنے کے مترادف ہے جس پر ذمے دار افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں