پی سی بی 16

پی سی بی نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے دوسرے سیزن کا اعلان کر دیا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر میں سکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے دوسرے سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں سینیئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون اور سابق قومی کپتان مصباح الحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

پی سی بی حکام کے مطابق پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز 27-2026 کے دوسرے سیزن میں ملک کے 100 اضلاع سے 1200 سکول شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ پہلے سیزن میں 39 اضلاع کے سکولوں نے حصہ لیا تھا۔پہلے سیزن کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مرتبہ پروگرام کا دائرہ کار نمایاں طور پر بڑھا دیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق اسکولوں کے ٹریننگ کیمپ 10 اگست سے شروع ہوں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے ہوگا.سکول کرکٹ ٹورنامنٹ کو 4 مرحلوں میں منعقد کیا جائے گا، جن میں ٹیمیں ضلعی، ڈویژنل، صوبائی اور قومی سطح پر مرحلہ وار مقابلہ کریں گی۔

پی سی بی نے اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام اسکولوں کو فنڈنگ کے ساتھ ساتھ تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر تربیت، معیاری سہولیات اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد ملک کے طول و عرض سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو سامنے لانا، سکول کرکٹ کو مضبوط بنانا اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں