سندھ ہائیکورٹ 88

پی بی ایس ایکسچینج کمپنی کی اسٹیٹ بینک کیخلاف درخواست پر فریقین کو آئندہ سماعت کے لئے نوٹس جاری

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے پی بی ایس ایکسچینج کمپنی کی اسٹیٹ بینک کیخلاف درخواست پر فریقین کو آئندہ سماعت کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں پی بی ایس ایکسچینج کمپنی کی اسٹیٹ بینک کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل بیرسٹر سرفراز میتلو نے موقف دیا کہ اسٹیٹ بینک نے ہماری کمپنی کو فارن ایکسچینج ڈیل کرنے سے روک دیا تھا۔ شوکاز کس چیز کا دیا گیا اور کارروائی کس حوالے سے کی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں بتائیں کونسا پروسیجر فالو نہیں کیا گیا۔ بیرسٹر سرفراز میتلو نے موقف دیا کہ لائسنس معطل کرنے کے لئے بھی طریقہ کار واضح ہے۔ عدالت نے درخواست کو فوری سماعت کے لئے منظور کرلیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فریقین نے کارروائی کرنے سے قبل طریقے کار پر عمل نہیں کیا تھا۔ اس طرح کے معاملات میں زیادہ سے زیادہ جرمانہ عائد کیا جاتا ہے کام کرنے سے روکا نہیں جاتا۔ وکیل صفائی نے پشاور ہائیکورٹ کا اسی طرح کا حکم نامہ بھی پیش کیا جس میں درخواستگزار کو ریلیف دیا گیا۔ عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں