حافظ نعیم الرحمن 103

پیپلز پارٹی اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکے گی، میئر جماعت اسلامی کاہی بنے گا،حافظ نعیم الرحمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکے گی، میئر جماعت اسلامی کاہی بنے گا، پی پی کی روایت ہے کہ مینڈیٹ نہ مانا جائے چاہے ملک ہی کیوں نہ ٹوٹ جائے۔پیرکوسپریم کورٹ رجسٹری کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارا سب سے رابطہ ہے، پارٹیوں کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں۔

جماعت اسلامی کے نمبر پورے ہیں ہمارا میئر بننے جارہا ہے، ن لیگ کو دیکھنا چاہئے کونسی جماعت کراچی کی خدمت کرسکتی ہے، ن لیگ کے لوگ اور نمائندے بھی چاہتے ہیں کہ وہ جماعت اسلامی کو ووٹ کریں، کچھ بھی ہوجائے پی پی کے نمبرز پورے نہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ٹیکسوں کے پیسوں سے یہ لوگ ممبران کو خریدتے ہیں اور ڈراتے ہیں، یہ اسٹیبلشمنٹ کی چاپلوسیوں میں لگے ہوئے ہیں، 9 مئی کو جواز بنا کر چھاپے مارے جارہے ہیں، یہ کراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے، لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ ہو رہی ہے، کے ای ایس سی کی نجکاری سے متعلق سپریم کورٹ میں ہماری درخواست زیرِ سماعت ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف ایک ہی پارٹی ہے، سپریم کورٹ سے بڑی چیز ملک میں کوئی نہیں ہے، نیپرا کی ہر سماعت میں صرف جماعت اسلامی شریک ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی کمپنیوں کا معاہدہ ریاست کے ساتھ ہوتا ہے، یہ خراب پلانٹ چلاتے ہیں، یہ اس لیے مفاد عامہ کا کیس ہے کہ کئی کئی گھنٹوں کی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اس عفریت سے ہماری جان چھڑائی جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کی جائے اور کے الیکٹرک کا آڈٹ کروایا جائے، کے الیکٹرک مافیا بنی ہوئی ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ 2015 میں ہیٹ ویو میں متعدد لوگ جاں بحق ہوئے، یہ کراچی ہے جو ملک کی معیشت چلاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں