بلاول بھٹو 9

پولیو سے پاک پاکستان شہید بینظیر بھٹو کا خواب تھا، اسے حقیقت بنائیں گے، بلاول بھٹو

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسدادِ پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، جس کی تکمیل کے لیے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مستقل سیاسی عزم، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور عوامی شرکت ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قدامت پسند عناصر کی شدید مخالفت کے باوجود پاکستان کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو خود پولیو کے قطرے پلا کر یہ پیغام دیا کہ بچوں کی صحت اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری گزشتہ کئی سال سے انسدادِ پولیو کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔ پاکستان کا کوئی بچہ پولیو کے باعث عمر بھر کی معذوری کا شکار نہ ہو، یہی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کی حقیقی تعبیر ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے انسدادِ پولیو مہم کے کارکنوں، بالخصوص دشوار گزار علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیو ورکرز قوم کے ہیروز ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی قومی کوششوں کا حصہ بنیں۔بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پولیو سے پاک پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں