اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیر اعظم ووزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے دورہ ترکیہ کو کامیاب اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ترکیہ اور تمام دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
جمعہ کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ استنبول کا 15 گھنٹے پر مشتمل ایک نتیجہ خیز دورہ ابھی مکمل کیا ہے،میں نے اپنے برادر وزرائے خارجہ، ہاکان فیدان، فیصل بن فرحان آل سعود اور بدر عبدالعاطی کے ہمراہ چھٹے علاقائی فور (آر4 )وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی، جس کے بعد برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ آر فور کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ان اجلاسوں میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، اس کے وسیع تر معاشی اور سماجی اثرات اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور مسلسل روابط کی اہمیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان سے مشترکہ ملاقات کا اعزاز بھی حاصل ہوا، جس میں انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اورچیف آرمی سٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے نیک تمناں کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے ترکیہ کے ساتھ قریبی، برادرانہ اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈارنے کہا کہ ترکیہ، مصر، سعودی عرب، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں، جن میں باہمی تعاون اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے برادر ہاکان فیدان اور حکومت و عوامِ ترکیہ کا پرتپاک میزبانی اور بہترین انتظامات پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ترکیہ اور تمام دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔









