لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پنجاب میں لاہور جنرل ہسپتال انفیکشن کنٹرول ایپلی کیشن متعارف کروانے والا پہلا سرکاری ہسپتال بن گیا،یہ ایپلی کیشن پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں لانچ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرالفریدظفر،ایم ایس ڈاکٹرریاض حفیظ،پروفیسرڈاکٹر محمد معین، پروفیسرڈاکٹرفاروق افضل، پروفیسر طاہر صدیق،ڈاکٹرعرفان ملک، ڈاکٹر آمنہ ودیگرفیکلٹی ممبران موجودتھے۔ہسپتال انتظامیہ نے وزیر صحت کو انفیکشن کنٹرول ایپلی کیشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈاکٹریاسمین راشدنے جنرل ہسپتال میں ڈینگی کیلئے مختص کئے گئے مردانہ اور زنانہ وارڈزکا بھی دورہ کیا اور ڈینگی وارڈزمیں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے فیکلٹی ممبران سے اپنے خطاب میں کہاکہ کوروناکے چاروں ادوارکے دوران جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرزنے وائرس سے متاثرہونے کے باوجود مریضوں کی خدمت جاری رکھی۔وباؤں کے دورمیں انفیکشن کنٹرول ایپلی کیشنزجیسے مزیداقدامات کی ضرورت ہے۔پنجاب میں جنرل ہسپتال انفیکشن کنٹرول ایپلی کیشن متعارف کروانے والا پہلا سرکاری ہسپتال ہے۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ تمام سٹاف کو اس ایپلی کیشن کی باقاعدہ تربیت دی جائے۔استعمال کنندہ کیلئے ایپلی کیشن کو اردواور انگریزی زبان میں ڈیزائن کیاگیاہے۔بیرون ممالک کے تمام ہسپتال مریضوں کو جراثیم سے بچانے کیلئے اقدامات کرتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے ہر مریض کی صحت ہمارے لئے اہم ہے۔پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو محفوظ علاج فراہم کرناہماری اولین ترجیح ہے۔یہ ایپلی کیشن پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں لانچ کریں گے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارپنجاب میں سب سے زیادڈاکٹرز کی بھر تیاں اور ریکارڈ ترقیاں کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ڈاکٹرمسیحاکادرجہ رکھتے ہیں۔ڈاکٹرزکی خوش اخلاقی سے مریض آدھاصحت یاب ہوجاتاہے۔عالمی ادارہ صحت کی گائیڈلائنزکے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ علاج کیلئے کوشاں ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ تمام ڈاکٹرزپیغمبرانہ پیشہ سے وابستہ ہیں۔آپ سب ڈاکٹرز مریضوں کی خدمت کے ذریعے لیڈرزبنیں۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کی بہتردیکھ بھال کررہے ہیں۔
پنجاب میں کورونااور ڈینگی کی صورتحال کا روزانہ کی بنیادپر جائزہ لیاجارہاہے۔صوبائی وزیر صحت نے انفیکشن کنٹرول ایپلی کیشن کوڈیزائن کرنے پر جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کو شاباش دی۔انہوں نے مریضوں کیلئے آسانی پیداکرنے کیلئے تمام ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف کی کوششوں کو سراہا۔









