وزیر اعظم 242

پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے،وزیر اعظم

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے رش والی پناہ گاہوں پر خصوصی توجہ ینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،اس کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے،پناہ گاہوں کا مقصد معاشی طور پر غریب طبقے کے لوگوں کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے،پناہ گاہوں سے پہلے غریب مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے،منصوبے کے مطابق مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی جس میں ایم ڈی بیت المال، چیرمین سی ڈی اے اور متعلقہ افسران کی بھی شریک تھے ۔ملاقات میں وزیرِ اعظم کو پناگاہوں کی صورتحال اور بہتری کیلئے بنائے گئے جامع منصوبے پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ منصوبے پر تین مرحلوں میں عملدرآمد کیا جائے گا،منصوبے کے مطابق موجودہ پناہ گاہوں میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے گی،نجی بین الاقوامی ہوٹل سے پناگاہوں کے عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی،پالیسی پر عملدرامد کیلئے ایک مرکزی بورڈ اور انتظامی معاملات کو دیکھنے کیلئے ہر پناہ گاہ میں 4 رکنی بورڈ تشکیل دیا جائے گا،سہولیات کے حوالے سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جو نگرانی میں مدد کرے گا،

ڈیش بورڈ کو موبائل کے ذریعے با آسانی چلایا جا سکے گا،موجودہ پناہ گاہوں میں مسائل کی نشاندہی کرکے ان کو حل کیا جائے گا،پناہ گاہوں کو اس مقصد کیلئے تعمیر کی گئیں عمارتوں میں منتقل کرنا بھی منصوبے کا حصہ ہے ،پناہ گاہوں کے ساتھ احساس ون ونڈو سینٹر بھی کھولے جائیں گے،ون ونڈو سینٹر کے ذریعے پناہ گاہوں میں مقیم اہل افراد کو احساس کے تحت دیگر دوسرے پروگرامز سے سہولیات لینے میں آسانی ہوگی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا جن پناہ گاہوں پر لوگوں کا رش ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے، پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں. اس کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے،پناہ گاہوں کا مقصد معاشی طور پر غریب طبقےکے لوگوں کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے،پناہ گاہوں سے پہلے غریب مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے،منصوبے کے مطابق مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں