سید ناصر حسین شاہ 5

پمز سانحہ انتہائی افسوسناک، ذمہ داروں کا تعین ضروری ہے، ناصر حسین شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے باعث نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی ذمہ داری کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور دلخراش سانحہ ہے، جس نے ہر حساس دل کو سوگوار کردیا ہے۔ ایسے المناک واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنا ضروری ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پمز اسپتال میں پیش آنے والے واقعے کی فوری، مکمل اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کسی سطح پر غفلت یا کوتاہی ثابت ہو تو اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کو حفاظتی انتظامات، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام اور فائر سیفٹی کے انتظامات میں موجود خامیوں کا فوری ازالہ کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے جاں بحق نومولود بچوں کے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم بچوں کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں