مراد علی شاہ 5

آزاد کشمیر میں رینجرز اہلکار کی شہادت، وزیراعلیٰ سندھ کا اظہارِ افسوس

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آزاد کشمیر میں سڑک کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں رینجرز اہلکار شاہنواز کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے خیرپور سے تعلق رکھنے والے شہید رینجرز جوان شاہنواز کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید شاہنواز نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کرکے بہادری اور حب الوطنی کی مثال قائم کی ہے۔سید مراد علی شاہ نے آزاد کشمیر میں سڑک کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کو بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور فتنہ و فساد پھیلانے والے عناصر سیکیورٹی فورسز کے عزم کو کسی صورت متزلزل نہیں کرسکتے۔

قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے شہید رینجرز اہلکار کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے دوسرے رینجرز اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم ان کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں