محسن نقوی 8

انسانی سمگلنگ ،حوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ‘محسن نقوی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کردی۔اجلاس میں وزیر داخلہ نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے پر بھی زور دیا۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈائون آپ کا کام ہے اور اس ضمن میں نتائج نظر آنے چاہئیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کے افسران اور عملے کو ہر ممکن سہولتیں اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور مزید بھی فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کائونٹرز پر موجود پرانے کیمروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل کیمرے نصب کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ بھی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت اور دفتر کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران 1670ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ 5ہزار انکوائریز میں سے 4ہزار انکوائریز نمٹا دی گئیں۔ اس دوران 295 اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور اور تمام سرکل انچارجز نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں