علی پرویز ملک 9

گیس سبسڈی نظام اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کی ضرورت ہے، علی پرویز ملک

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ گیس سبسڈی کے موجودہ نظام اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ادارے کی کارکردگی، اصلاحات، آپریشنل امور اور مالی پائیداری کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایس ایس جی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور حکام نے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی، حکام نے بتایا کہ گیس ڈسٹری بیوشن سسٹم میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ یون پرائسنگ فیکٹر (یو ایف جی) میں 57 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کے الیکٹرک، صنعتی صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کے لیے گیس لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی، جبکہ گھریلو صارفین کو دن میں تین مرتبہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

علی پرویز ملک نے ایس ایس جی سی ایل بورڈ کو ادارے کی پائیداری مضبوط بنانے اور انتظامی چیلنجز دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آپریشنل کارکردگی، ریونیو ریکوری اور وسائل کے بہتر استعمال پر خصوصی توجہ دے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گیس چوری اور نقصانات میں کمی ایس ایس جی سی ایل کی مالی پائیداری کے لیے ناگزیر ہے۔ بلوچستان میں گیس فراہمی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور گیس چوری، تکنیکی مسائل اور انفراسٹرکچر سے متعلق رکاوٹوں کا مؤثر تدارک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ گیس سرکلر ڈیٹ میں اضافے کو تقریباً روک دیا گیا ہے، حکومت عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے، انہوں نے کہا تمام صارفین کے لیے منصفانہ اور یکساں گیس قیمت کی جانب مرحلہ وار منتقلی ضروری ہے، جبکہ کمزور طبقات کو ٹارگٹڈ سماجی تحفظ کے پروگرامز کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ گیس کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور مالی طور پر پائیدار بنانا ہے، تاکہ صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور توانائی کے شعبے میں موجود بنیادی مسائل کا مستقل حل تلاش کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں