ہائیکورٹ 18

پراپرٹی ٹربیونل کی تشکیل کے معاملے پرچیف سیکرٹری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے پراپرٹی ٹربیونل کی تشکیل کے معاملے پرچیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے سائل احمد حسن سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر پیش ہوئے۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کون سے آرڈر کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟۔

وکیل نے جواب دیا ہائیکورٹ کے حکم پر پراپرٹی ٹربیونل کو کیسز ریفر کئے گئے تھے ، ابھی تک پراپرٹی ٹربیونل نہیں بنے ۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ کوئی دستاویز دکھائیں کہ انہوں نے خلاف ورزی کی ہے۔ وکیل نے جواب دیاپراپرٹی ٹربیونل ابھی تک نہیں بنے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اس میں توہین عدالت کیسے ہوگئی ، کیا چیف سیکرٹری نے ٹربیونل بنانے تھے، وکیل عدالت کو مطمئن نہ کرسکے جس پر عدالت نے درخواست نا قابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں