شیری رحمان 65

پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی جڑوانوالہ میں سانحہ سولہ اگست کے متاثرین سے ملاقات ، گرجا گھروں کا دورہ

جڑانوالہ (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے جڑوانوالہ میں سانحہ سولہ اگست کے متاثرین سے ملاقات اور گرجا گھروں کا دورہ کیا ۔وفد میں نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان، سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری، فیصل کریم کنڈی، ندیم افضل چن اور ملائکہ رضا شامل تھیں ۔پیپلز پارٹی کے وفد نے 16 اگست سانحہ میں متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور گرجاگھروں کا دورہ کیا ۔

شیری رحمن نے کہاکہ ہم پیپلز پارٹی کی جانب سے اپنے جڑانوالہ کے بہن بھائیوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنے آئے ہیں۔شیری رحمان نے کہاکہ جڑانوالہ میں 16 اگست کے دن جو ہوا اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، جو کچھ 16اگست کے دن جڑانوالہ میں ہوا اس نے نا صرف پاکستانیوں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کو برابر کا شہری سمجھتی ہے اور اکثریت اور اقلیت کے حقوق میں کوئی تفریق نہیں کرتی۔

شیری رحمان  نے کہاکہ ہمارہ دین اسلام بھی اقلیوں کو مکمل حقوق اور آزادی فراہم کرتا ہے، ہمارے دین اور آئین میں اقلیتوں کی حفاظت اور حقوق کی زمہ داری اکثریت پر ہے۔ شیری رحمان  نے کہاکہ جناح کے پاکستان میں تمام شہریوں کو مساوی تحفظ، حقوق اور آزادیاں میسر ہے۔ سابق وزیر نے کہاکہ مجھے یہ جان کی شدید دکھ ہوا کہ میرے مسیحی بھائی بہنوں اور بچوں کو خوف کے عالم میں قریبی کھیتوں میں رات گزارنی پڑی، کیا اس دن کیلئے جناح نے پاکستان کی بنیاد رکھی تھی؟ ۔

شیری رحمن نے کہاکہ جڑانوالہ میں مسیحی برادری پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، یہ سانحہ پاکستان کی ساکھ اور ریاست کی رٹ پر حملہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ شر پسند عناصر کو کڑی سزا ملنے سے ہی ایسے مزید واقعات کو ہونے سے روکا جاسکتا ہے، ہم ان واقعات کی ہر سطح پر سختی سے مذمت کرتے ہیں ان واقعات میں ملوث تمام افراد کو کڑی سزا کا مطالبہ کرتے ہیں۔ نیئر حسین بخاری نے کہاکہ اقلیتوں کو آئین اور دین حقوق اور تحفظ دیتا ہے، تمام گرجاگھروں کو بحال کیاجائے، متاثرہ لوگوں کو معاوضہ دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں