مائیک ہیسن 13

پاکستان ٹیم نے ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی،مائیک ہیسن

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم نے ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی۔ امید ہے فائنل میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ قومی ٹیم ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔ پاکستان نے مسلسل تین کامیابیوں کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کی نمایاں کارکردگی کے بغیر مسلسل تین فتوحات حوصلہ افزا ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی اطمینان بخش رہی۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے ٹاپ تھری میں ملکی تاریخ کے دو عظیم بیٹرز موجود ہیں۔ بڑے کھلاڑیوں سے بڑے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کی توقع ہوتی ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹاپ آرڈر کی بڑی کارکردگی کے بغیر میچز جیتنا خوش آئند ہے، اہم بیٹرز کے لیے فائنل میں میچ وننگ اننگز کھیلنے کا بہترین موقع ہے۔مائیک ہیسن نے کہا کہ سلمان علی آغا کی مڈل آرڈر میں کارکردگی غیر معمولی رہی ہے جبکہ حسن نواز کی بیٹنگ میں بھی مسلسل بہتری آرہی ہے۔انہوں نے کپتان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی ابتدائی وکٹیں ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

نسیم شاہ اور حارث رف نے بھی ٹورنامنٹ میں اچھی بولنگ کی ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوان کرکٹر عرفات منہاس کی کارکردگی میں بھی بہتری آرہی ہے۔مائیک ہیسن نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ آخری لیگ میچ میں بیٹنگ توقعات کے مطابق نہیں رہی، فائنل میں کھلاڑیوں سے بھرپور واپسی کی امید ہے۔کراڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ شائقین کرکٹ نے پوری سیریز میں شاندار حمایت کی، لاہور اور راولپنڈی کے شائقین کی حمایت ہمیشہ شاندار رہی ہے،امید ہے فائنل میں شائقین کو بہترین کھیل پیش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں