شرجیل انعام میمن 11

کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انفراسٹرکچر، سڑکوں، ٹرانسپورٹ، نکاسی آب اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مختلف منصوبوں پر پیش رفت ہو رہی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کو جدید شہر بنانے کے لیے تمام ترقیاتی کام مربوط منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھائے جائیں۔

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پورٹ قاسم سے ایم نائن موٹروے تک لنک روڈ، ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی سمیت اہم منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک مجوزہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بھی شہر کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے، جس سے بندرگاہ، صنعتی علاقوں اور مرکزی شاہراہوں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔سینئر وزیر نے کہا کہ کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو وسعت دی جا رہی ہے۔ ڈبل ڈیکر بسیں اور مزید الیکٹرک وہیکلز (ای وی) بسیں نومبر میں کراچی پہنچنے والی ہیں، جبکہ ان کے لیے نئے روٹس کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریڈ، یلو، گرین اور اورنج لائن کو باہم مربوط کرنے پر بھی کام کیا جا رہا ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر اور سہل سفری نظام میسر آ سکے۔ اس کے علاوہ شاہراہوں، انڈر پاسز، پلوں اور دیگر اہم مقامات پر ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سڑکوں، پلوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور شہری سہولیات کے منصوبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔ حکومت کا مقصد صرف نئے منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ جاری منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنا اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا اہم مرکز ہے اور اس کی ترقی پورے پاکستان کی معاشی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں