اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر حکومت اور پاکستان کے عوام فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے حقِ آزادی، وقار اور حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے غیرمتزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔
اتوار کو ایکس پر بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کے لیے پْرعزم ہیجو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور عرب امن اقدام کے مطابق ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نزدیک مسئلے کا منصفانہ حل ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام پر مشتمل ہونا چاہیے جس کی بنیاد جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو جبکہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت بھی دی جائے۔









