آصف علی زرداری 10

مشرق وسطی میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں، صدر مملکت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطینی کاز کیلئے پاکستان کی سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ محض تشویش کے اظہار سے آگے بڑھتے ہوئے جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی القدس الشریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابل اعتبار سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس اور بامعنی اقدامات اٹھائیں،مشرق وسطی میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔

بات فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے فلسطینی عوام اور ان کی آزادی، وقار اور حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں شہریوں کی جانوں کا المناک ضیاع ،گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی، جبری بے دخلی اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کے ساتھ جاری انسانی بحران انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوںنے کہاکہ فلسطینی عوام کے مصائب عالمی برادری کی جانب سے ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکامی کے بھی مظہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے کی صورتحال بھی اتنی ہی پریشان کن اور تشویشناک ہے جہاں آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد، غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور الحاق کی کوششوں نے امن کے امکانات کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی ہماری قومیت کی بنیادوں میں پیوست ہے۔

مارچ 1940 میں آل انڈیا مسلم لیگ کے تاریخی لاہور اجلاس جہاں قیام پاکستان کی بنیاد کی حامل قرارداد منظور کی گئی ،میں فلسطین کے عربوں کے حقوق کی حمایت میں بھی ایک الگ قرارداد منظور کی گئی تھی۔ قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اسی طرح فلسطینی عوام کے جائز مطالبات کی بھرپور حمایت کی لہذا فلسطین کے ساتھ پاکستان کی وابستگی پاکستان کی آزادی سے بھی پہلے کی ہے اور بدستور ہمارے بنیادی اصولوں کا جزوِ لاینفک ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی میراث کے عین مطابق، پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور وہ ان کے جائز حقوق اور امنگوں کے حصول کے لیے ایک منصفانہ اور پرامن تصفیہ کی وکالت کرتا رہے گا۔ صدرمملکت نے پاکستان کے دیرینہ موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں لہذا ہم اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق قبل از جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر القدس الشریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں.

صدر مملکت نے اس موقع پر فلسطینی عوام کی جرات اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا جو بے پناہ مشکلات اور نقصانات کو برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی کاز کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔صدر آصف علی زرداری نے اس دن کے موقع پر عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ محض تشویش کے اظہار سے آگے بڑھتے ہوئے فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے، بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں پر جوابدہی یقینی بنانے، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت پیدا کرنے اور جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام کے لیے قابل اعتبار سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس اور بامعنی اقدامات اٹھائیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق سے انکار کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔دنیا کو ادراک کرنا چاہیے کہ فلسطین کے لیے انصاف محض ایک علاقائی تشویش نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون، انسانی وقار اور اقوام متحدہ کے قیام کے بنیادی اصولوں سے ہماری اجتماعی وابستگی کا امتحان ہے۔صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اس وقت تک مضبوطی سے کھڑا رہے گا جب تک وہ اپنے حق خودارادیت کا استعمال کرنے اور اپنی آزاد، خود مختار اور متصل ریاست میں آزادی، وقار اور دیرپا امن کے ساتھ زندگی گزارنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں