کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد تاریخی اضافے کے بعد 6 لاکھ 81 ہزار 965 تک پہنچ گئی ہے، جسے حکومتی معاشی پالیسیوں کا مثبت اثر قرار دیا جا رہا ہے۔وفاقی مشیر برائے اقتصادی و مالیاتی اصلاحات خرم شہزاد کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ 25 ہزار 747 نئے سرمایہ کار شامل ہوئے، جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 66 فیصد زیادہ ہیں۔ سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد مالیاتی مارکیٹ میں عوامی دلچسپی میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
خرم شہزاد نے بتایا کہ 2026 کے پہلے 10 ماہ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے 2 لاکھ 18 ہزار 894 نئے سرمایہ کار منسلک ہوئے، جو گزشتہ 4 برس کے دوران ہونے والے مجموعی اضافے سے بھی زیادہ ہیں۔ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر 56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔مشیر وزیر خزانہ کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں نئے شامل ہونے والے سرمایہ کاروں میں 85 فیصد کا تعلق جنریشن زی اور ملینیلز سے ہے۔ یہ اعدادوشمار نوجوان نسل کی جانب سے حصص کی خرید و فروخت اور مالیاتی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔









