ریشم 8

پاکستانی فلم انڈسٹری کو اب روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جا سکتا ‘ ریشم

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) نامور اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں سینئر فنکاروں کے تجربے اور صلاحیتوں سے ضرور استفادہ کیا جانا چاہیے تاہم اس کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مواقع فراہم کرنا بھی وقت کی ضرورت ہے تاکہ انڈسٹری میں نئی سوچ اور نئے رجحانات کو فروغ مل سکے۔ ایک انٹر ویو میںانہوں نے کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو اب روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جا سکتا بلکہ ہمیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔

فلم کی تیاری کے بعد اسے زیادہ سے زیادہ ناظرین تک پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، سوشل میڈیا اور دیگر جدید ذرائع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ریشم نے کہا کہ شائقین کو معیاری اور پرآسائش سینما گھروں کی سہولت فراہم کرنا بھی ناگزیر ہے تاکہ وہ بہتر ماحول میں فلم سے لطف اندوز ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت زیادہ تر فلمیں صرف ایک مخصوص طبقے کو مدنظر رکھ کر بنائی جاتی ہیںجبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی فلمیں تخلیق کی جائیں جو ہر عمر اور ہر طبقے کے ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کر سکیں،اسی حکمت عملی سے پاکستانی فلم انڈسٹری دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں