اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیر اعظم شہباز شریف کے سرکاری دورہ چین کے دوران صدر شی جن پنگ سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کو اپنے لئے باعث اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور آزمودہ دوستی کے حوالے سے گرمجوش جذبات کا تبادلہ کیا۔
منگل کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعاون پر مبنی ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری کی مضبوطی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہماری دوستی باہمی احترام، مشترکہ خواہشات اور علاقائی امن، رابطوں اور اقتصادی ترقی کیلئے غیر متزلزل عزم کی بنیاد پر مسلسل ترقی کررہی ہے اور مزید مضبوط ہورہی ہے۔









