حنیف عباسی 4

وزیرِ ریلوے کا ملتان ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار ، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملتان میں شیر شاہ کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

و فاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمی ہونے والے مسافروں کو پاکستان ریلویز کی مروجہ انشورنس پالیسی کے تحت معاوضہ ادا کیا جائے گا۔وفاقی وزیرِ ریلوے حادثے کی جگہ کا معائنہ کرنے اور صورتحال کا خود جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، جہاں وہ امدادی کارروائیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔ وفاقی وزیر نے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کو واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔ دریں اثنا، ریلوے حکام کے مطابق ٹرین آپریشن متبادل روٹ بذریعہ لودھراں اور جہانیاں مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں