اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیرداخلہ محسن نقوی نے رات گئے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا اچانک دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف 10 چوک کا بھی وزٹ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ نے منصوبے کے پائلنگ ورک کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے منصوبے کے انڈر پاس اور فلائی اوور کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج 12 ماہ کی بجائے صرف 4 ماہ میں مکمل ہوگا۔
ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ کے تحت ایک فلائی اوور، ایک انڈر پاس بنے گا اور رابطہ سڑکیں تعمیر ہوں گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پراجیکٹ کی مقررہ کردہ مدت میں تکمیل کے لیے ٹاسک دے دیا ہے، 24/7 تعمیراتی کام کرکے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے ایف 10 چوک پر ٹریفک رواں رکھنے کیلئے پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایف 10 چوک کو کشادہ کرنے کی جامع پلاننگ کی جائے اور ایف 10 چوک کے مستند ٹریفک کاونٹ کی رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کاونٹ کے بعد انڈر پاس کی تعمیر کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ پر پیشرفت کے بارے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے کے سینئر افسران اور کنٹریکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے۔









