صدر آصف علی زرداری 10

صدر سے وزیراعظم کی ملاقات،عوام کو معاشی مشکلات میں ریلیف فراہم کیا جائے،زرداری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، وزیراعظم نے صدر مملکت کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی جبکہ صدر نے کہا کہ عوام کو معاشی مشکلات میں ریلیف فراہم کیا جائے ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینیٹر شیری رحمن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صدر اور وزیر اعظم نے داخلی اور خارجی امور پر تبادلہ خیال کیا،فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وطنِ عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے صدر مملکت کو مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کے حوالے سے آگاہ کیا،صدر مملکت نے دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کے حوالے سے سہ فریقی امن معاہدے پر عملدرآمد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر زرداری نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے کیلئے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا، صدر نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ریلیف فراہم کرنے ، اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی اور انہیں مناسب نرخوں پر دستیاب بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کیلئے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں سے ملک کے عالمی مقام کو مزید تقویت ملے گی اور اس کے مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے ،دریں اثنا ایکس پر جاری پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ، پاکستان اپنے دفاع اور آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، آج پاکستان اقوام عالم میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیرون ملک مقیم تمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے یومِ آزادی کی خوشیاں مبارک ہوں، انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت، ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں، تحریک آزادی کے رہنماؤں کے غیرمتزلزل عزم اور اللہ تعالیٰ کے بے پایہ فضل و کرم کی بدولت آزاد مملکت کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوا ، 14 اگست 1947ء کو ہمیں ایسی سر زمین میسر ہوئی جہاں تمام شہریوں کیلئے بلا تفریقِ رنگ و نسل مکمل آزادی کی ضمانت ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان نے گزشتہ اڑھائی سال میں نہایت مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے اور اب ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب کامیابی سے گامزن ہے ، ہماری بہادر افواج نے ہر مشکل میں، دشمن کے ہر وار کے جواب میں مادر وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا ہے ،مزید کہا کہ پاکستان مظلوم فلسطینی عوام اور جموں و کشمیر کے اپنے بہنوں اور بھائیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اور انکے لئے اپنی غیر متزلزل اصولی حمایت کا اعادہ کرتا ہے ۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت جموں وکشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، عالمی قوانین اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق سفارتی حل میں پوشیدہ ہے ، آج یوم آزادی پر پوری قوم بہادر افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دلیر جوانوں، غازیوں اور تمام شہداء کی مقروض ہے جنہوں نے قوم کے مستقبل کی خاطر اپنی جانیں قربان کی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں