احسن اقبال 8

وزیراعظم کی قیادت میں حکومت جامع اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی قومی ترقی کیلئے کوشاں ہے، احسن اقبال

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت جامع اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی قومی ترقی کیلئے کوشاں ہے، ترقیاتی منصوبوں، سرکاری سرمایہ کاری اور قومی ترجیحات سے متعلق شفاف معلومات کی فراہمی عوامی آگاہی اور موثر شرکت کیلئے اہم ہے۔

عالمی یومِ معلومات برائے ترقی کے موقع پر اپنے پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ وزارت کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے ذریعے عوام کو سرکاری سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور ترقیاتی ترجیحات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور عوامی آگاہی کے درمیان مضبوط رابطہ ترقی کے عمل کو موثر بنانے کیلئے ضروری ہے۔انہوںنے کہاکہ واضح اور شفاف معلومات نوجوانوں کو اپنی تجاویز پیش کرنے، مقامی آبادیوں کو دستیاب مواقع سمجھنے اور شراکت داروں کو ترقیاتی عمل میں اپنا موثر کردار ادا کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی نے کہاکہ ترقی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس کے مقاصد کو سمجھنا اور اس کی پیش رفت میں حصہ لینا ہر فرد اور طبقے کیلئے اہم ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقی کے عمل کو عوام کے لیے قابلِ فہم بنانا، عوامی شرکت کو بامعنی بنانا اور ترقی کے ثمرات کو معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانا مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں