پاکستان 10

وزیراعظم سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدوارکی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار مسٹر میکی سال نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ,

جاری اعلامیہ کیمطابق جمعہ کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار، مسٹر میکی سال نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے مسٹر میکی سال کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی آئندہ قیادت، ادارے کے تین بنیادی ستونوں، یعنی عالمی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، کو متوازن انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر من و عن عملدرآمد، اور عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بین الاقوامی قانون اور معاہدات کے احترام کے حوالے سے پاکستان کے مستقل اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔مسٹر میکی سال نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ اور گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے عالمی امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں میں پاکستان کی قیادت کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں