نادیہ خان 16

والد کی خدمت نے میری زندگی بدل دی،اداکارہ نادیہ خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ والد کی خدمت اور ان کی خواہشات کا خیال رکھنے کی بدولت اللہ تعالی نے مجھے زندگی میں بے شمار نعمتوں اور کامیابیوں سے نوازا۔

حال ہی میں نادیہ خان نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے والد کی خدمت اور ان کی خواہشات پوری کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان اعمال کی بدولت مجھے زندگی میں بے شمار کامیابیاں اور برکتیں نصیب ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ اللہ تعالی نے مجھے جو کچھ بھی عطا کیا ہے، اس میں میرے والد کی خدمت کا بہت بڑا حصہ ہے، میری عادت ہے کہ جب بھی میرے ابو سفر کرتے ہیں تو وہ ہمیشہ اکانومی کلاس کی ٹکٹ لیتے ہیں، لیکن میں اسے بزنس کلاس میں اپ گریڈ کر دیتی ہوں، میں اپنے لیے تو شاید کبھی ایسا نہ سوچوں، مگر اپنے ابو کے لیے ضرور کرتی ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ اللہ تعالی نے ان کی خدمت کا مجھے بہت اجر دیا، وہ اب کافی عمر رسیدہ ہو چکے ہیں، لیکن آج بھی اچانک انہیں وہ تمام مواقع یاد آ جاتے ہیں جب میں نے ان کا خیال رکھا اور انہیں سہولت فراہم کی۔نادیہ خان نے بتایا کہ میں ہمیشہ اپنے والد کی خواہشات کو یاد رکھنے کی کوشش کرتی ہوں، وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد مری میں رہنا چاہتا ہوں، لیکن بچوں کی شادیوں کے اخراجات کی وجہ سے وہ اپنا یہ خواب پورا نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ جب میں دبئی سے واپس آئی تو انہوں نے رمضان مری میں گزارنے کی خواہش ظاہر کی، ہم وہاں گئے، مگر ہوٹل ناصرف بہت مہنگے تھے بلکہ کئی جگہوں پر صفائی کی صورتِ حال بھی خراب تھی، یہاں تک کہ کمروں میں مکڑیاں اور کھٹمل بھی موجود تھے،

اسی وقت میں نے فیصلہ کیا کہ ابو کے لیے ایک کاٹیج خریدوں، بعدازاں میں نے بھوربن میں ان کے لیے ایک کاٹیج خریدا، جس کا نام ابا کاٹیج رکھا، وہ آج بھی اکثر وہاں جاتے ہیں کیونکہ انہیں وہ جگہ بے حد پسند ہے۔نادیہ خان نے کہا کہ بہت کم بچے ایسے ہوتے ہیں جو اپنے والدین کی خواہشات کو یاد رکھتے ہیں اور انہیں پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ہم سب کو اپنے والدین کی خواہشات کا خیال رکھنا چاہیے، کیونکہ والدین عموما اپنی خوشیوں اور ضروریات کو ہمیشہ پسِ پشت ڈال دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں