قومی اسکواڈ

نیدرلینڈز روانگی سے قبل قومی اسکواڈ پاکستان شاہینز کے خلاف پریکٹس میچز کھیلے گا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)بابراعظم کی قیادت میں اعلان کردہ قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ نیدرلینڈز روانگی سے قبل پاکستان شاہینز کے خلاف دو پریکٹس میچز کھیلے گا،پچاس اوورز کرکٹ پر مشتمل یہ میچز 7 اور 10 اگست کو ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ قومی اسکواڈ کا سات روزہ تربیتی کیمپ 6 سے 11 اگست تک لاہور میں منعقد ہوگا۔ان میچز میں پاکستان شاہینز کی قیادت سعود شکیل کریں گے جبکہ نیدرلینڈز کیلئے اعلان کردہ قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل عبداللہ شفیق اور زاہد محمود ان میچز میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔اعلان کردہ 12 کھلاڑی میں سعود شکیل (کپتان)، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، زاہد محمود، کامران غلام، عبدالواحد بنگلزئی، قاسم اکرم، میر حمزہ، عباس آفریدی، ارشد اقبال، ابرار احمد اور فیصل اکرم شامل ہیں ۔

پی سی بی اعلامیہ کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز آمنے سامنے آئیں گے تاہم یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا،دونوں اسکواڈز کو مدمقابل لانے کا مقصد سیریز کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ پاکستان شاہینز میں شامل بیک اپ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 6 سے 11 اگست تک لاہور میں جاری رہے گا۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف 7 اگست جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پہلے پریکٹس میچ کے بعد لاہور میں قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ اسکواڈ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب ایمسٹرڈیم روانہ ہوگا۔6اگست بروز ہفتہ کو سہ پہر 3 سے شام 5 بجے تک قومی اسکواڈ کا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیٹ سیشن ہوگا ،اسکواڈ سے قبل قومی اسکواڈ کا ایک رکن میڈیا ٹاک کرے گا،7 اگست بروز اتوا کو صبح 9 سے شام 6 بجے تک قومی کرکٹ ٹیم بمقابلہ پاکستان شاہینز پہلا پریکٹس میچ ہوگا 8 اگست بروز پیر کوصبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک قومی کھلاڑیوں کا نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ٹریننگ سیشن ہوگا ۔9 اگست بروز منگل آرام کا دن ہوگا ۔

10 اگست بروز بدھ کو صبح 9 سے شام 6 بجے تک قومی کرکٹ ٹیم بمقابلہ پاکستان شاہینز پہلا پریکٹس میچ ہوگا ،11 اگست بروز جمعرات تک صبح 10 سے دوپہر 1 بجے تک قومی کھلاڑیوں کا نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں آپشنل ٹریننگ سیشن ہوگا ،دوپہرساڑھے بارہ بجے کپتان بابراعظم کی پریس کانفرنس ہوگی ۔