کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ خوراک کا تحفظ اور ہر شہری کو محفوظ، معیاری، سستی اور غذائیت سے بھرپور غذا کی فراہمی سندھ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ غذائی قلت کے خاتمے، زرعی معیشت کی مضبوطی اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات جاری ہیں۔عالمی یومِ خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان میں غذائی تحفظ کے حوالے سے سندھ کا زرعی شعبہ کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
ہاریوں کی خوشحالی اور زرعی معیشت کو مضبوط بنانا ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ خوراک 2026ء کا عنوان ”آج جدت، کل غذائیت” جدید اور پائیدار زرعی نظام کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور پانی کے مؤثر استعمال کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی قلت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پائیدار زراعت کو فروغ دینا ضروری ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گندم کے مناسب ذخائر برقرار رکھنا، معیاری آٹے کی دستیابی یقینی بنانا اور ہاریوں کے مفادات کا تحفظ سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بچوں کی غذائیت بہتر بنانے اور ان کی تعلیمی ترقی کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے توجہ دلائی کہ عالمی سطح پر کٹائی کے بعد خوردہ فروخت تک پہنچنے سے پہلے تقریباً 13.2 فیصد خوراک ضائع ہوجاتی ہے،
جبکہ صارفین کے لیے دستیاب مزید 19 فیصد خوراک ضائع ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے ضیاع کی روک تھام اور ضرورت مند افراد تک غذا پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کی خوراک کا خیال رکھیں اور بھوک کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت، معیارِ زندگی میں بہتری اور ہر شہری کو مناسب و غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے اور سندھ حکومت کی ترجیحات کا بنیادی حصہ ہے۔








