اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو جاری منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے اور مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک کے ایسے حصوں میں روڈ انفراسٹرکچر کو ترجیحی بنیادوں پر بنانے کی ضرورت ہے جہاں بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے،بلوچستان میں روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی کام کی ضرورت ہے،کراچی تا چمن شاہرہ کی ازسر نو تعمیر پر کام شروع کیا جائے۔نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت مختلف وزارتوں کے اہم امور پر اجلاس میں بریفنگ آج اسلام آباد میں منعقد ہوئی اجلاس میں اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس کو کوئٹہـسکھر ہائی وے پر پنجرا پْل اور کوئٹہ ژوبـشاہرہ پر سوار پْل پر جاری کام پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجرا پْل جو گزشتہ برس سیلاب سے تباہ ہو گیا تھا اس کی تعمیر نو پر کام آئندہ ماہ سے شروع کر دیا جائیگا۔ گزشتہ برس سیلاب کے بعد پْل سے گزنے والی ٹریفک کیلئے کازـوے بنا دیا گیا تھا جس سے ٹریفک میں خلل کو دور کر دیا گیا. 15 میٹر اونچے اور تقریباً 12 میٹر چوڑے نئے پْل کی تعمیر کیلئے درکار وقت کا تخمینہ 9 ماہ لگایا گیا ہے۔وزیر اعظم نے پْل کی تعمیر کیلئے درکار وقت میں کمی لانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجرا پْل کی تعمیر کے ساتھ ساتھ 118 کلومیٹر طویل کوئٹہـدھادر روڈ اور 188 کلومیٹر طویل دھادر جیکب آباد روڈ کی ازسر نو تعمیر و بحالی بھی کی جائے گی جس سے نہ صرف وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ ٹریفک کا رش بھی کم ہوگا۔
اجلاس کو سوار پْل پر جاری مرمتی کام سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 282 میٹر طویل سوار پْل کی مرمت کا کام حتمی مراحل میں ہے جبکہ اس دوران متبادل راستہ نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک بھی نہیں روکی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پْل کی ازسر نو تعمیر پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا جس میں درکار مدت کا تخمینہ 6 ماہ لگایا گیا ہے۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو جاری منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے اور مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے بہترین انفراسٹرکچر کلیدی حیثیت رکھتا ہے،نیشنل ہائی وے اتھارٹی ملک میں سڑکوں کی تعمیر و نگرانی کے حوالے سے بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوںنے کہاکہ ملک کے ایسے حصوں میں روڈ انفراسٹرکچر کو ترجیحی بنیادوں پر بنانے کی ضرورت ہے جہاں بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے۔نگران وزیر اعظم نے کہاکہ بلوچستان میں روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی کام کی ضرورت ہے،کراچی تا چمن شاہرہ کی ازسر نو تعمیر پر کام شروع کیا جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے آؤٹ آف دی باکس اپروچ بروے کار لائی جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت کا کام لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان کی دوسرے صوبوں سے رابطہ سڑکوں کو بہتر کیا جائے۔









