کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جدید دور میں تحقیق اور علمی کام کیلئے ٹیکنالوجی نے بے شمار مشکلات آسان کردی ہیں، نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے علم و تحقیق کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج علاج معالجے کی جو جدید سہولیات دستیاب ہیں، وہ مسلسل تحقیق، جدت اور علمی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں تحقیق اور ریسرچ کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم آج لیپ ٹاپ اور جدید ٹیکنالوجی نے علمی کام کو آسان بنا دیا ہے۔ وزیراعظم کا وڑن ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاکر ملکی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ آنے والا وقت نوجوانوں کا ہے اور ان کے کاندھوں پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ نوجوان صرف اپنے خاندان یا ادارے کے نمائندے نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر ہیں۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ ایسی درسگاہ سے وابستہ ہیں جو قائداعظم محمد علی جناح اور سندھ کے نام سے منسوب ہے، اس لیے ان پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ محنت، کردار اور صلاحیتوں سے پاکستان، سندھ اور اپنی درسگاہ کا نام روشن کریں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو فراہم کیے جانے والے لیپ ٹاپ محض ایک آلہ نہیں بلکہ علم، تحقیق، روزگار اور ترقی کے نئے مواقع کا ذریعہ ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور انہیں نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔تقریب سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن، یونیسف کے فیلڈ آفیسر پریم چند، ایچ ای سی کے ڈائریکٹر سلمان احمد، گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں گورنر سندھ نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت مستحق اور باصلاحیت طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔








