مخدوم شاہ محمود قریشی

نااہل حکومت اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے اور عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے انتقامی کاررائیوں کا سہارا لے رہی ہے، شاہ محمود قریشی

ملتان(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں رول آف لا کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، نااہل حکومت اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے اور عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے انتقامی کاررائیوں کا سہارا لے رہی ہے، تحریک انصاف کے دورمیں کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا گیا،پی پی اور ن لیگ کے رہنماں کے خلاف مقدمات دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر قائم کئے،جو آج کل شیرو شکر ہیں، عوام ان کی چالوں میں نہیں آئیں گے،حکومت کو بہت سمجھایا، مگر حکومت ضد اور ہٹ دھرمی پر اتری ہوئی ہے، اگر ہٹ دھرمی ختم نہ کی تو نقصان ہوسکتاہے،ملک کو افراتفری سے نکالنے کا واحد حل انتخابات ہیں،انتخابات واحد راستہ ہیں جن پر چل کر ملک سے افراتفری ختم کی جاسکتی ہے،ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا ہوگااور بہتر مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی 217 کی 8یونین کونسلوں کے نوجوانوں پر مشتمل ورکر اتحاد کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ورکر پی پی 217کے نمائندہ نوجوانوں نے سلمان نعیم گروپ کو چھوڑ کر مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔ نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا تحریک انصاف قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی جدوجہد کررہی ہے۔ تحریک انصاف افراتفری نہیں چاہتی۔ ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے پر امن احتجاج کررہے ہیں۔ حکومت کی توجہ عوامی مسائل حل کرنے کی طرف نہیں۔

حکومت کا ایک نکاتی ایجنڈا ہے۔ اور وہ ایجنڈا صرف اور صرف اپنے اقتدار کو طول دینا اور عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنا ہے۔ حکومت تحریک انصاف اور عمران خان کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ پی ڈی ایم کی حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے۔یہ لوگ کسی بھی قسم کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ پی ڈی ایم اتحاد میں یکسوئی نظر نہیں آرہی۔ صرف عمران خان کے خلاف بغض میں یکسوئی دیکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں 64فیصد اسمبلی کی نشستیں خالی ہو چکی ہیں۔ آئین کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کی صورت میں 90دن میں انتخابات ہونے چاہئیں۔ لیکن 11دن گزرنے کے باوجود دو صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں کیا جارہا۔ امپورٹڈ حکمران اور الیکشن کمیشن ماورائے آئین اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ملکی معیشت تباہی کے راستے پر جارہی ہے۔ ڈالر ناپید ہو چکاہے۔ ملک میں روپے کی قدر روز بروز گر رہی ہے۔ ڈالر کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے۔ مہنگائی کا ایک بہت بڑا طوفان سر اٹھائے کھڑا ہے۔

ن لیگی حکومت کے دو وزرا خزانہ ایک دوسرے پر نااہلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔ جبکہ پی ڈی ایم حکمران معیشت کی خرابی کا ذمہ تحریک انصاف پر ڈال رہے ہیں۔ ملک میں چالیس سال سے زائد حکمرانی کرنے والے اپنی نااہلی کا ملبہ ساڑھے تین سال اقدار میں رہنے والوں پر کیسے ڈال سکتے ہیں۔ امپورٹڈ حکمران 8ماہ کے دونوں وزرا خزانہ کے الزامات دیکھیں۔ اس کے بعد کسی اور پر الزام تراشی کریں۔ انہوں نے کہا نوجوان تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں۔ ملکی ترقی میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے۔ ہماری آبادی کی ایک بہت بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ عمران خان نوجوانوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ نوجوانوں کی بدولت تحریک انصاف اقتدار میں آئے۔

عمران خان قوم کے نوجوانوں کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ نوجوان عمران خان کے ویژن پر کاربند رہتے ہوئے ملک میں کرپشن کے خاتمے میں عمران خان کی آواز بلند کررہے ہیں۔ یہ خوش آئند بات ہے۔ نوجوان آئندہ انتخابات میں ایک بارپھر عمران خان کاساتھ دیں۔ کرپٹ اور لٹیروں کو احتساب کا سامنا کرنا ہوگا۔ قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ وہ حلقے میں وفات پاجانے والی مختلف شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے۔ فاتحہ خوانی کی انہوں نے حلقے میں مختلف شادی کی تقریبات میں شرکت کی۔