محمد جاوید قصوری 16

حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر 22 مئی کو عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک گیراحتجاج ہوگا ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر 22 مئی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر مظاہرے، دھرنے اور احتجاجی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، حکومت مسلسل پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا رہی ہے جبکہ حکمران طبقہ عوامی مسائل سے مکمل لاتعلق دکھائی دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کے طوفان کو مزید شدید کر دیا ہے۔

ٹرانسپورٹ، اشیائے خوردونوش، زرعی اخراجات اور روزمرہ استعمال کی تمام بنیادی چیزیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ موجودہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے مسلسل عوام پر مہنگائی کے بم گرا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی صارفین سے تقریباً 9 روپے فی یونٹ تک اضافی ٹیکس وصول کیے جانے کا انکشاف حکومتی معاشی پالیسیوں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ وفاقی حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے توانائی کے شعبے کو عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کا ذریعہ بنا لیا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بجلی کے بلوں میں اس وقت مجموعی طور پر 6 مختلف اقسام کے ٹیکس شامل کیے جا رہے ہیں جن میں 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس، ایڈوانس ٹیکس اور دیگر سرچارجز شامل ہیں۔ پہلے ہی بجلی کی بنیادی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، جبکہ اضافی ٹیکسوں نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں کو ٹیکس وصولی کا آسان ذریعہ بنانا عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔

ایک طرف صنعتیں مہنگی بجلی کے باعث بند ہو رہی ہیں، کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے، جبکہ دوسری جانب حکمران عوام سے مزید ٹیکس وصول کر کے اپنی ناکام معاشی پالیسیوں کا بوجھ شہریوں پر منتقل کر رہے ہیں۔حکمران اشرافیہ کی شاہ خرچیاں کم کرنے کے بجائے غریب عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ عوام مہنگائی، بیروزگاری اور ظالمانہ ٹیکسوں سے شدید پریشان ہیں اور حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ملک میں حقیقی تبدیلی، کرپشن سے پاک نظام اور عوام دوست معیشت کے قیام کے لیے حافظ نعیم الرحمان کے دست و بازو بنیں اور احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف موثر آواز بلند کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں