ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے ظہیر اقبال سے پہلے محبت کا اظہار کیا تھا اور اگر ظہیر مجھے شادی کی پیشکش نہ کرتے تو میں خود یہ قدم اٹھا لیتی۔میش ایبل انڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے اپنے تعلقات کے ابتدائی دور کے حوالے سے گفتگو کی، دونوں اداکاروں کی فلم” تو ہے میری کرن” 23 اکتوبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔
ظہیر اقبال نے بتایا ہے کہ ایک عام سی گفتگو کے دوران سوناکشی نے اچانک مجھ سے کہا کہ میں ایک دن تم سے شادی کروں گی، جس پر میں حیران رہ گیا۔سوناکشی سنہا نے بتایا ہے کہ میں نے ایک ہفتے کے اندر ظہیر سے کہہ دیا تھا کہ میں ان سے محبت کرتی ہوں، کیونکہ مجھے اپنے جذبات کا یقین تھا، ہر کسی کے لیے اس قدر گہرے جذبات محسوس نہیں ہوتے۔اداکارہ نے کہا ہے کہ میں نے محبت کا اظہار خود کیا اور ظہیر کی جانب سے پہل کرنے کا انتظار نہیں کیا، اگر ظہیر شادی کی پیشکش نہ کرتے تو میں خود انہیں پیشکش کر دیتی، کیونکہ اس کا وقت آ چکا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ میں نے محبت یا شادی کی پیشکش کے لیے کسی بڑے انداز کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی، تاہم ظہیر اس معاملے میں مجھ سے بہتر ہیں۔
ظہیر اقبال نے فن لینڈ میں چھٹیوں کے دوران ناردرن لائٹس (شمالی روشنیوں)کے نیچے سوناکشی سنہا کو شادی کی پیشکش کی تھی، دونوں نے 23 جون 2024 کو شادی کی۔سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے بتایا ہے کہ ہم اتوار کا دن آرام اور سستی میں گزارتے ہیں اور اس روز ہمارا کوئی طے شدہ شیڈول نہیں ہوتا۔ظہیر اقبال کے مطابق ہم دونوں کچھ نہ کرنے اور آرام سے وقت گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں، اپنی مرضی سے جاگتے ہیں، ناشتہ کرتے ہیں، کچھ دیر آرام کرتے ہیں اور گھر میں سکون سے وقت گزارتے ہیں۔سوناکشی سنہا نے کہا کہ مجھے صوفے پر لیٹ کر وقت گزارنے اور کسی کام کی فکر نہ کرنے سے ذہنی سکون ملتا ہے۔









