کراچی(رپورٹنگ آن لائن )سندھ ہائیکورٹ نے میرپور خاص میں نتائج کی تبدیلی اور کروڑوں کی کرپشن کے الزام کے کیس میں اینٹی کرپشن کو فرحان اختر، علی گل جلبانی اور زبیر کٹبر کیخلاف کارروائی سے روک دیا۔
عدالت نے تینوں افسران کو انکوائری جوائن کرنے کی ہدایت کر دی۔صولت رضوی ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے کہ تنیوں افسران کا جرم کنٹرولر میرپور خاص کی کرپشن کی نشاندہی کرنا ہے۔ کنٹرولر میرپور خاص انور علی راجپوت طلبہ کے امتحانی نتائج تبدیل کرتا تھا۔
وکیل نے مزید کہا کہ تینوں ایجوکیشن افسران نے ممبر انسپکشن ٹیم کو 2 مرتبہ خط لکھا تھا، اینٹی کرپشن نے ان خطوط پر انکوائری سے منع کر دیا تھا، بعد میں اینٹی کرپشن نے خط لکھنے والے افسران کے خلاف انکوائری شروع کر دی۔فرحان اختر ڈپٹی سیکریٹری، علی گل جلبانی ڈپٹی سیکریٹری اور زبیر کٹبر ایجوکیشن افسران ہیں۔ تینوں افسران کیخلاف 20 کروڑ روپے کی کرپشن کی انکوائری کی جارہی ہے۔









