محمد جاوید قصوری 6

ملک گیر دستخطی مہم کا آغاز ہو چکا ، کارکنان ہر شخص تک پہنچیں’ جماعت اسلامی پجناب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے میدان نہیں چھوڑا، عوام کے حقوق کے لیے ہماری احتجاجی تحریک بدستور جاری ہے، حکومت نے اگر عوامی مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے حقیقی اور ٹھوس ریلیف فراہم نہ کیا تو ملتان سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا، جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک کا مقصد کسی فرد یا جماعت کا سیاسی مفاد نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانی عوام کو مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ سے نجات دلانا ہے،ملک گیر دستخطی مہم کا آغاز ہو چکا ہے، کارکنان عوام کو اس بارے آگاہ کریں اور وفود روازنہ کی بنیادپر دستخط لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز احتجاجی تحریک کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں لاکھوں پاکستانیوں کو پٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر تک ریلیف ملا ہے، تاہم ہماری منزل صرف جزوی ریلیف نہیں بلکہ عوامی مسائل کے مستقل حل تک جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو یہ حقیقت سمجھنا ہوگی کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا مسلسل بوجھ عوام کی قوتِ خرید ختم کر رہا ہے اور عام شہری کے لیے گھر کا چولہا جلانا مشکل ہوچکا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی مطالبات کے حوالے سے دستخطی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ کارکنان مرکزی برانڈنگ کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی کیمپ لگائیں گے، جہاں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جائے گا اور انہیں دستخطی مہم میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

احتجاجی کیمپوں سے مختلف وفود تشکیل دیے جائیں گے جو قریبی آبادیوں، گھروں، دکانوں، مارکیٹوں اور ورکشاپس میں جاکر عوام سے رابطہ کریں گے اور پٹرولیم لیوی، مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و دیگر بنیادی مسائل کے خلاف عوامی رائے کو منظم کریں گے۔جاوید قصوری نے ذمہ داران جماعت کو ہدایات دیتے ہوئے مزید کہا کہ عوامی کمیٹیوں کے الگ الگ اہداف مقرر کیے جائیں گے جبکہ جماعت اسلامی کی قیادت کے خطابات کو لائیو دکھانے کے لیے بھی انتظامات کیے جائیں گے۔ عوامی مقامات پر دستخطی مہم کے لیے وفود بھیجنے کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا تاکہ اس مہم کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جاسکے۔ سول سوسائٹی کی اہم شخصیات کو احتجاجی کیمپوں کے دوروں کی دعوت دی جائے گی اور ہر سطح کے ذمہ داران و کارکنان اس مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ جماعت اسلامی اس احتجاجی تحریک کو پورے پاکستان میں پھیلائے گی اور حکمرانوں کو عوام کو حقیقی ریلیف دینے پر مجبور کرنے کے لیے آئینی، جمہوری اور پُرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف اشرافیہ اپنے اخراجات اور مراعات میں کمی کے لیے تیار نہیں جبکہ دوسری طرف عام آدمی پر مسلسل نئے ٹیکس عائد کیے جارہے ہیں۔ عوام سے مزید قربانیاں مانگنے کے بجائے حکمران طبقے کو اپنے اخراجات کم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق، سستی توانائی، کم پٹرول قیمتوں اور ٹیکسوں کے منصفانہ نظام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوامی مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک ختم نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں