مہنگائی

ملک میں مہنگائی میں مزید 1.38 فیصد اضافہ،مہنگائی کی مجموعی شرح 14.48 فیصد ہوگئی

کراچی(ر پورٹنگ آن لائن)مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہونے سے ایک ہفتے کے دوران 1.38 فیصد مزید بڑھ گئی جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 14.48 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آلو، ٹماٹر، گھی سمیت 29 اشیائے خوردونوش مہنگی ہو گئیں، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمتوں میں 27 روپے 56 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ٹماٹر کی فی کلو قیمت 66 روپے سے بڑھ کر 94 روپے ہو گئی ہے۔اعدادوشمار کے مطابق آلو کی فی کلو قیمت میں 1 روپیہ، چینی کی فی کلو قیمت میں 42 پیسے کا اضافہ ہوا، لہسن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اور ڈالڈا گھی فی کلو 6.67 روپے مزید مہنگا ہو گیا، ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی فی درجن قیمت میں 2.17 روپے کا مزید اضافہ ہو گیااور انڈوں کی فی درجن قیمت 168.19 روپے سے بڑھ کر 170.40 روپے تک ہو گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایل پی جی کے سلنڈر میں 154.15 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہو گیا، ایل پی جی کا سلنڈر 2167.31 روپے سیبڑھ کر 2321.46 روپے کا ہو گیا، دال ماش کی قیمتوں میں 29 پیسے اور تازہ دودھ کی قیمتوں میں 46 پیسے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اعدادوشمار میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے تک کی کمی ریکارڈ ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 258 روپے سے کم ہو کر 252.16 روپے ریکارڈ ہوئی، دال کی فی کلو قیمت 163.84 روپے سے کم ہو کر 162 روپے ریکارڈ کی گئی، پیاز کی فی کلو قیمتوں میں صرف 39 پیسے اور دال مسور قیمت میں 60 پیسے کمی ہوئی، آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 1198.41 روپے سے کم ہو کر 1196.22 روپے کا فروخت ہوا جبکہ دال چنا کی فی کلو قیمتوں میں صرف 3 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔