لاہور (رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ مفت آٹا فراہمی ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ثابت ہو گا۔
سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، برگیڈیئر اعجاز شاہ، سابق وزرا چودھری ظہیر الدین، با رضوان، چودھری لیاقت علی بھدر، سابق مشیر وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر زین بھٹی، بیرسٹر ارحم طارق بٹ، بیرسٹر عزیز، بیرسٹر حمزہ، سلمان خان اور فرخ ایڈوکیٹ و دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن، سٹیٹ بینک اور پارلیمنٹ سمیع اللہ سے کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کو مختص رقم دینا ہو گی، جمہوریت کے استحکام اور تحفظ کیلئے سب کو آئین اور قانون پر عمل کرنا ہو گا، مفت آٹا فراہمی ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نگران دور میں گندم، آٹا، چینی اور کھاد کی سمگلنگ بڑھ گئی ہے، غیر منتخب نمائندے عوامی فلاحی منصوبوں کے التوا کا باعث بن رہے ہیں، شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہو چکے، اب فیصلے کا انتظار ہے، عمران خان کے 4سالہ دور میں ملک ترقی کی راہ پر گامز ن ہوا۔
چودھری پرویز الہی نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے اندرون و بیرون ملک سبز جھنڈے کے تقدس میں اضافہ کیا، انہوں نے عالمی سطح پر کشمیر سمیت مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا، ترقی کا سفر جہاں سے رکا تھا انشا اللہ وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے۔









