اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاہے کہ معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے دشمن کو سری نگر سے بھٹنڈا تک سبق سکھایا۔معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ائیر ہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاکہ پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزام لگایا، پاکستان نے بھارت کو غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے پاکستان کی پیشکش کے باوجود جارحیت کی، پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھر پور اور منہ توڑ جواب دیا، بھارت کے ائیر ڈیفنس سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا۔
انہوںنے کہاکہ پاک فضائیہ نے دشمن کو دندان شکن شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا، قومی دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار تاریخی ہے، سری نگر سے بھٹنڈا تک پاک فضائیہ نے دشمن کو سبق سکھایا، پاکستان کے سائبر شاہینوں نے دشمن کی سائبر سکیورٹی کو تباہ کردیا، بھارتی فضائیہ کو عبرتناک اور تذلیل سے بھر پور شکست دی۔ائیر چیف مارشل نے کہاکہ پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی محافظ ہے، پاک فضائیہ نے دنیا کے سرفہرست لڑاکا طیاروں کو خاک میں ملا دیا، دشمن کی تمام تنصیبات پاک فضائیہ کے نشانے پر تھیں، ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں تباہ کردیا، بنیان مرصوص میں پاکستان نے بہترین ڈرون صلاحیت کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے فضائیہ، الیکٹرانک اور سائبر وار فیئر میں دشمن کو دھول چٹائی۔
سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاکہ تھا پاک فضائیہ نے ریکارڈ وقت میں دشمن کی تنصیبات کو تباہ کیا، ہر جوان نے معرکہ حق میں بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کیا، ہماری قومی قیادت کی وجہ سے یہ کامیابیاں سمیٹنے کا موقع ملا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین قیادت نے کامیابی میں اہم کردار کیا، پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔









