ہمایوں اختر خان 6

معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اصلاحات اور پالیسیوں میں تسلسل لایا جائے ، ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ ()سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز کا تقاضہ ہے کہ اصلاحات اور پالیسیوں میں تسلسل لایا جائے ، معیشت کا مستقبل زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی سے جڑا ہے اس لئے زراعت کو نظر انداز کر کے معاشی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے ،حلقے کی دہائیوں پر محیط محرومیوں کے خاتمے اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے عوامی تعاون سے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97 کے دورے کے دوران علاقہ عمائدین اور کسانوں کے وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے حلقے کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا اور انتقال کر جانے والے افراد کے ورثا ء سے ملاقات کرکے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے کی ترقی کے لیے سب کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا اور اپنے حقوق کے لیے مشترکہ آواز بلند کرنا ہوگی۔ میں اور میرے ساتھی کسی سرکاری عہدے کے بغیر بھی علاقے اور عوام کی دہائیوں پر محیط محرومیوں کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔

حلقے میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے اور ان شا اللہ آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور آواز اٹھاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہائیوں سے اس حلقے کی نمائندگی کرتے رہے ہیں، عوام کو ان سے اپنی اور اپنے بچوں کی محرومیوں کا حساب ضرور مانگنا چاہیے۔ سابق منتخب نمائندوں کی کارکردگی کا احتساب ہونا چاہیے کیونکہ جب تک ذمہ داروں سے سوال نہیں ہوگا علاقے کی پسماندگی دور کرنے اور حالات بدلنے کی راہ ہموار نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں