اداکار 9

مشکلات کے باوجود عوام کی محبت اور حمایت میں کمی نہیں آئی، راج پال یادیو

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کے معروف اداکار راج پال یادیو نے جاری قانونی اور مالی مشکلات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیک بانس کیس میری فنکارانہ شناخت کا تعین نہیں کر سکتا۔ عوام کی جانب سے مجھے ملنے والی محبت اور حمایت میں کمی نہیں آئی۔بھارتی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں راج پال یادیو نے کہا کہ میں میں ان لوگوں سے متعلق اپنی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ ہوں جن کے پیسے مجھ پر واجب الادا ہیں۔راج پال یادیو نے کہا کہ میں کسی بھی مشکل یا اچھے وقت میں ایئر پورٹ پر لوگوں کے ساتھ سیکڑوں سیلفیاں بنواتا ہوں، جو میرے لیے عوام کی محبت کا اظہار ہے۔

اپنے تھیٹر اور فلموں سے تعلق کے حوالے سے اداکار نے کہا کہ میں بھارت منی کا پیروکار ہوں اور میں نے تھیٹر سے بہت کچھ سیکھا ہے۔راج پال یادیو نے کہا کہ 2000 سے 2026 تک اپنے سفر کو اپنے کام کے ذریعے پیش کرنا چاہتا ہوں اور اس عمل میں مزید ایک سے دو سال لگ سکتے ہیں، میں فلمیں بنانے، گھر بنانے یا کیریئر بنانے کے دوران کبھی اپنے راستے سے نہیں بھٹکا۔راج پال یادیو کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دہلی ہائی کورٹ نے مالی تنازع سے متعلق متعدد چیک ڈس آنر کیسز میں ان کی اور ان کی اہلیہ رادھا راج پال یادیو کی سزا برقرار رکھی تھی۔

عدالتی کارروائی کے مطابق راج پال یادیو نے رقم کا انتظام کرنے کے لیے مزید وقت طلب کیا اور واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانیاں کرائی تھی، تاہم وعدے پورے نہ ہونے پر عدالت نے انہیں سرنڈر کرنے کی ہدایت کی، بعد ازاں کچھ ادائیگیاں کی گئیں، تاہم فریقین کے درمیان حتمی تصفیہ نہیں ہو سکا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں