محکمہ ایکسائز،پنجاب میں سب سے زیادہ ریکوری کرنے والے افسر کو “کالا پانی” ٹرانسفر کر دیا گیا

شہباز اکمل جندران۔۔۔

ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں حقیقی معنوں میں گنگا الٹی ہی بہنے لگی۔
محکمے نے صوبے میں پراپرٹی ٹیکس کی سب سے زیادہ ریکوری کرنے والے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر زون 17 لاہور ریجن بی طارق پرویز آفریدی کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے ہیڈ آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

طارق پرویز آفریدی محکمے کا وہ افسر ہے جس نے ٹارگٹ سے زیادہ 118 فیصد ریکوری کی۔ انہیں مالی سال 2020-21 کے دوران ٹھوکر نیاز بیگ سے بحریہ ٹاون اور رائیونڈ تک کے علاقے سے 48 کروڑ روپے کی وصولی کا ہدف دیا گیا۔جس کے جواب میں انہوں 48 کروڑ کی بجائے 64 کروڑ روپے وصول کرلئے۔

اس قدر اعلی کارکردگی پر محکمے نے انہیں 50 ہزار روپے کیش انعام دینے کا اعلان بھی کررکھا ہے۔انعام کی یہ رقم انہیں دو جولائی 2021 کو دی جانی ہے اور انعامی رقم کی وصولی سے قبل ہی طارق پرویز کو ہیڈ آفس تبدیل کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔جہاں عام طورپر افسروں کو سزا کے طورپر ٹرانسفر کیا جاتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ طارق پرویز آفریدی زون 17 میں محض 6 ماہ تعینات رہے اور اپنی تعیناتی کے دوران انہوں نے صرف 27 ہزار پلاٹ ٹیکس نیٹ میں شامل کئے۔

ان کی جگہ محمد اکرم کو تعینات کیا گیا ہے۔جو اس سے قبل بھی اسی زرون میں تعینات رہے ہیں۔اور کہا جارہا ہے کہ ڈی جی ایکسائز نے دباو میں آکر طارق پرویز کو تبدیل کیا ہے۔

یہ امر بھی قابل غور ہے کہ ڈی جی ایکسائز نے طارق پرویز کو مالی سال کے آخری مہینے میں تبدیل کیا ہے جب عموما” ٹرانسفر کا تصور بھی نہیں لیا جاتا۔

طارق پرویز کی غیر متوقع اور غیر منطقی ٹرانسفر سے محکمے کے افسران بددلی، مایوسی اور بے چینی کا شکار ہونے لگے ہیں۔