متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کیساتھ ہمارے اچھے اور مستحکم تعلقات ہیں ان حوالے سے قیاس آرائیاں بالکل مناسب نہیں ،شاہ محمود

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کیساتھ ہمارے اچھے اور مستحکم تعلقات ہیں ان حوالے سے قیاس آرائیاں بالکل مناسب نہیں ،بھارت نے پوری کوشش کی منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر نہ اٹھے مگرناکامی ہوئی۔

پیر کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورہ نائجر، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس اور ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی، کشمیر کے حوالے سے متفقہ قرارداد منظور ہوئی۔

انہوںنے کہاکہ او آئی سی کے 57 ممالک مل کر، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے ہمارے موقف کو متفقہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں،او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے قبل ایک جھوٹا پراپگنڈہ کیا گیا کہ کشمیر او آئی سی کے اجلاس کے ایجنڈے پر ہی نہیں ہے اگر ایسا تھا تو قرارداد کیسے آ گئی؟ ،ہندوستان کی ایکسٹرنل افیرز کی وزارت قرارداد کے بعض حصوں کو مسترد کر رہی ہے جس کا مطلب ہے کہ قرارداد انہیں بہت چبھ رہی ہے یہ یقینا ہماری کامیابی ہے،

انہوںنے کہاکہ کشمیر کے ساتھ ساتھ اسلاموفوبیا پر جو پاکستان نے نکتہ نظر پیش کیا اس پر موقف اتفاق رائے ہوا،ہندوستان نے پوری کوشش کی کہ نیامے میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر نہ اٹھے لیکن انہیں ناکامی ہوئی،او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اگلا اجلاس پاکستان میں ہو گا ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہمارے اچھے اور مستحکم تعلقات ہیں ان کے حوالے سے قیاس آرائیاں بالکل مناسب نہیں ۔

انہوںنے کہاکہ میری نیامے میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی امور کے ساتھ ملاقات ہوئی اور میں نے ان کے ساتھ ویزوں کا معاملہ اٹھایا ،ابھی تک یہی بات سامنے آ رہی ہے کہ یو اے ای ویزوں کے اجراء کے حوالے سے نئے پروٹوکول وضع کر رہا ہے اور پاکستان سمیت تیرہ/چودہ ممالک کے شہریوں کے نئے ویزوں کے اجراء پر عارضی پابندی عائد کء گی ہے جن لوگوں کے ویزے لگے ہوئے ہیں ان پر کوئی قدغن نہیں ہے ،پی ڈی ایم نے ملک کے مختلف شہروں میں جلسے کیے ہیں یہ ان کا حق ہے اور اس پر کوئی پابندی بھی نہیں ہے تاہم ہم نے ان سے صرف اتنی گذارش کی تھی کہ جلسوں کی کوئی معیاد نہیں ہوتی ـ

کرونا وبا کے پھیلاؤ کو کے پیش نظر اسے کچھ وقت کیلئے ملتوی کر دیجئے اور معصوم لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں مت ڈالیے ،پی ڈی ایم جس ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے وہ بالکل مناسب نہیں ہے،مجھے خبر ملی کہ جماعت اسلامی نے کرونا وبا کے باعث جلسوں کا سلسلہ ملتوی کر دیا ہے اگر یہ خبر درست ہے تو یہ بہت قابل تحسین فیصلہ ہے،میں نے خود تھرپارکر اور مٹھی میں جلسے کا فیصلہ کیا تیاریاں مکمل ہو گئیں لیکن میں نے کرونا وبا کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسے ملتوی کر دیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ اگر اپوزیشن بھی موجودہ وبائی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کرے تو ان کی شان میں کمی نہیں آئے گی