ہائیکورٹ 42

لاہور ہائیکورٹ: ڈی جی ایف آئی اے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹادی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باجود سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کی انکوئری نہ کرنے پر ڈی جی ایف آئی اے کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹادی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے شہری غفران کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب یہ رپورٹ جمع کرانے کا کیا طریقہ تھا، آپ کے آفیسر نے رپورٹ کے نام پر ایک فوٹو کاپی جمع کرائی، کیا یونیفارم میں سب کچھ کرنے کی اجازت ہے؟، ڈاکٹر صاحب کیا آپ کا محکمہ آپ کے کنٹرول میں نہیں ہے۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ اس طرح تو کوئی پرائیویٹ جگہ پر بھی رپورٹ نہیں دی جاتی، آپ کو پتہ ہے ایسی حرکت پر توہین عدالت کی کارروائی ہوسکتی ہے، ڈسپلن فورس کی جانب سے تو ایسی غیر ذمہ داری نہیں ہونی چاہیے، ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت میں بتایا کہ رپورٹ پیش کرنے والے افسر کو معطل کردیا ہے۔

عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ اپنے افسران کی یہ تیاری کروا کر لاتے ہیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر نے کہا ہم عدالت سے معذرت خواہ ہیں آئندہ ایسی لاپرواہی نہیں ہوگی، عدالتی حکم پر ایف ائی اے نے انکوئری مکمل کرلی ہے۔

جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ آئندہ کسی عدالت میں بھی اس انداز میں رپورٹ نہیں جمع ہونی چاہیے، عدالت نے ایف ائی اے رپورٹ کی روشنی میں توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔

درخواست گزار نے سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل کرنے کی انکوئری نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں