لاہور ہائی کورٹ 31

لاہور ہائیکورٹ نے ڈی پی او قصور کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ میں ڈی پی او قصور کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسے عدالت نے رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دیا۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی، جبکہ عدالتی حکم پر ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ڈی پی او قصور سے استفسار کیا کہ کیا آپ نامکمل رپورٹ جمع کرواتے ہیں؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کیسے رپورٹ جمع کرواتے ہیں، اس میں ریفرنس، تاریخ اور دیگر تفصیلات بھی درج نہیں تھیں، عدالتیں محض خدشات پر کام نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی پی او کی رپورٹ نامکمل تھی۔

اس موقع پر سسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص نے عدالت کو بتایا کہ جلد بازی میں جواب جمع کروایا گیا، جس کے باعث درخواست نمٹنے سے متعلق خط رپورٹ کے ساتھ منسلک نہیں کیا جاسکا۔

ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متعلقہ درخواست پر 11 اگست 2020 کو فیصلہ ہوچکا تھا۔

بعد ازاں ڈی پی او قصور نے عدالت سے معذرت کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی کروائی، جس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں