ہائیکورٹ 10

لاہور ہائیکورٹ نے اندراجِ مقدمہ سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل نمٹا دی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )لاہور ہائیکورٹ نے اندراجِ مقدمہ سے متعلق دائر انٹرا کورٹ اپیل نمٹاتے ہوئے معاملہ ڈی پی او جھنگ کو بھجوا تے ہوئے ہدایت کی ہے کہ درخواست کا میرٹ پر جائزہ لے کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے محمد عرفان رضا کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔

اپیل کنندہ نے سنگل بنچ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس کے ذریعے جسٹس آف پیس کا اندراجِ مقدمہ کرانے کا حکم کالعدم قرار دیا گیا تھا۔سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل الحافظ لطیف احمد خواجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے جھنگ میں ایک ٹول پلازہ کا ٹھیکہ حاصل کیا تھا تاہم معاہدے کی شرائط پوری نہ ہونے پر متعلقہ حکام نے ٹھیکہ منسوخ کر دیا۔

سرکاری وکیل کے مطابق ٹھیکہ منسوخ ہونے کے بعد ہائی وے حکام نے دفتر کو سیل کر دیا، جس پر درخواست گزار نے جسٹس آف پیس سے رجوع کیا اور اندراجِ مقدمہ کا حکم حاصل کیا۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے جسٹس آف پیس کا مذکورہ حکم کالعدم قرار دے دیا، جس کے خلاف موجودہ انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی۔عدالت نے فریقین کے وکلا ء کے دلائل سننے کے بعد اپیل نمٹا دی اور معاملہ ڈی پی او جھنگ کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ قانون اور حقائق کی روشنی میں میرٹ پر فیصلہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں