لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اور منجھے ہوئے اداکار وسیم عباس نے انکشاف کیا ہے کہ لیجنڈری اداکار فردوس جمال کے ایک سخت بیان نے نہ صرف تنازع کو جنم دیا بلکہ اس کے اثرات ان کے اپنے بیٹے کے کیریئر تک جا پہنچے۔وسیم عباسں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں ماضی کے ایک متنازع معاملے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فردوس جمال کے بیٹے ایک نہایت باصلاحیت اور محنتی اداکار تھے، جن میں ایک بڑے اسٹار بننے کی بھرپور صلاحیت موجود تھی، مگران کے والد کے ایک بیان کی وجہ سے ان کے کیریئر کو شدید دھچکا لگا۔وسیم عباس کے مطابق، یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ ایک سینئر اداکار کے غیر محتاط الفاظ کی قیمت ایک ابھرتے ہوئے فنکار کو چکانا پڑی۔
یہ اس کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فردوس جمال بلاشبہ ایک عظیم اداکار ہیں اور ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کا مقابلہ کرنا مشکل ہے۔ لیکن ان کا سخت مزاج اور غصہ کئی بار ان کے لیے مسائل پیدا کرتا ہے۔ان کا ماننا ہے کہ بعض اوقات جذبات میں آ کر دیے گئے بیانات دور رس منفی اثرات چھوڑ جاتے ہیں۔ لیکن شاید فردوس جمال کو اس کا دراک نہیں ہے۔









